ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹرمپ اور ان کے خاندان کی سکیورٹی پر کتنے اخراجات ہوتے ہیں؟

ٹرمپ اور ان کے خاندان کی سکیورٹی پر کتنے اخراجات ہوتے ہیں؟

Wed, 23 Aug 2017 16:20:57    S.O. News Service

نیویارک،23اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکی صدر کی سکیورٹی باریک بینی کے ساتھ اعلی ترین درجے کی منصوبہ بندی کا مطالبہ کرتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ملک میں بہترین سکیورٹی اہل کاروں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوتی ہے جس کا مطلب ہے کہ اس عمل پر بالخصوص صدر کی تعطیلات کے دوران انتہائی اخراجات ہوتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ تقریبا ہر ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر اپنے ذاتی مقامات پر وقت گزارنے کے لیے فلوریڈا، نیوجرسی یا ورجینیا کا سفر کرتے ہیں۔

فلوریڈا میں ٹرمپ کے اپنے ذاتی تفریحی مقام کے دورے پر 30لاکھ ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔گولف کلبوں کے دورے کے موقع پر صدر کی سکیورٹی کے لیے استعمال میں آنے والی صرف گولف کار پر ہی 60ہزار ڈالر کے اخراجات ہو چکے ہیں۔سیکرٹ سروس کا ادارہ بھی ٹرمپ کے خاندان کے 18افراد کو ان کے سفر کے دوران سکیورٹی کی خدمات پیش کرتا ہے خواہ یہ سفر کام سے متعلق ہو یا پھر تعطیلات کے حوالے سے۔سال کے اوائل میں کام کے حوالے سے چار اسفار کے دوران ٹرمپ کے دو بیٹوں ایرک اور ڈونلڈ جونیئر کی سکیورٹی پر دس لاکھ ڈالر خرچ ہوئے۔رواں برس مارچ میں تعطیلات کے ایک سفر کے دوران ٹرمپ کے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے 100سے زیادہ سکیورٹی اہل کار مامور کیے گئے جس پر کم از کم 1.65لاکھ ڈالر خرچ ہوئے۔البتہ اب تک کے سب سے زیادہ اخراجات ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا اور ان کے بیٹے بیرن کی سکیورٹی پر اُس وقت ریکارڈ کیے گئے جب وہ نیویارک میں اپنے نجی گھر میں قیام پذیر تھے۔ نیویارک کے میئر کے مطابق واشنگٹن منتقل ہونے سے قبل دونوں افراد کی سکیورٹی پر تین ماہ کے دوران 3.5کروڑ ڈالر خرچ ہوئے۔اس کے علاوہ لوجسٹک مشقت علاحدہ رہی کیوں کہ جب بھی میلانیا اور ان کا بیٹا آمد و رفت کا ارادہ کرتے تو سیکورٹی وجوہات پر شہر کی کئی سڑکوں کو بند کرنا پڑتا تھا۔
 


Share: